بیجنگ:(روزنامہ دنیا) چینی صوبے شانکشی کے شہر داتونگ سے دریافت ہونے والی 1,600 سال قدیم قبر میں مرد اور عورت ایک دوسرے کی آغوش میں اس طرح دفن ہیں کہ جیسے وہ مرنے کے بعد بھی ہمیشہ ساتھ رہنے کی قسم نباہ رہے ہوں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہاں جیلین یونیورسٹی اور شیامین یونیورسٹی کے ماہرین مشترکہ تحقیق کررہے ہیں، جن کا کہنا ہے کہ یہ قبر ‘‘توؤبا وی’’ کہلانے والے شاہی خاندان کے زمانے سے تعلق رکھتی ہے جو شمالی چین پر 386 عیسوی سے 534 عیسوی تک حکمران رہا تھا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ عورت کے بائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی میں چاندی کی انگوٹھی بھی ہے جو ظاہر کرتی ہے کہ وہ اس شخص کی بیوی تھی اور شاید اس نے شوہر کے مرنے پر اس کی آغوش میں دفن ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
اگرچہ اس قبرستان سے اب تک تقریباً 600 قبریں دریافت ہوچکی ہیں لیکن یہ قبر اپنے انداز میں سب سے منفرد، محفوظ اور نایاب ہے ۔