لندن:(روزنامہ دنیا) ایک مے خانے میں دکاندار کو ملنے والا ایک پاؤنڈ کا سکہ نیلامی کی ویب سائٹ پر 205 برطانوی پاؤنڈ(48 ہزار روپے) میں فروخت ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ سکہ ایک مے خانے کے ملازم کو دیا گیا جس میں مصنوعاتی نقص تھا کیونکہ عموماً درمیان میں چاندی کا رنگ ہوتا ہے اور اس کے کنارے سنہری ہوتے ہیں جبکہ انوکھا سکہ مکمل طور پر سنہری دھات پر مشتمل ہے ۔اس نے یہ سکہ ای بے پر فروخت کیلئے رکھا جہاں 24 بولیوں کے بعد وہ 205 گنا زائد قیمت پر فروخت ہوا ہے ۔
اگرچہ یہ بات مضحکہ خیز لگتی ہے لیکن غالباً یہ کسی شوقین فرد نے خریدا ہے جو سکے جمع کرنے کا جنونی ہے ۔ دنیا بھر میں کبھی کبھار مشینی غلطی سے سکے اور نوٹ کا ڈیزائن معمول سے ہٹ کر ڈھلتا یا چھپتا ہے اور اسے نایاب تصور کیا جاتا ہے ۔ 205 پاؤنڈ میں فروخت ہونے والے اس سکے پر لندن کے مشہور کیو گارڈن کا پھول بنا ہوا ہے ۔