ایریزونا: (روزنامہ دنیا) امریکی سائنس دانوں نے مراکش سے ملنے والے، ایک لاکھ 20 ہزار سال قدیم اوزاروں پر تحقیق کے بعد بتایا ہے کہ انہیں چمڑے سے انسانی لباس بنانے میں استعمال کیا جاتا تھا۔
نئی تحقیق جو ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی، امریکا کی ایمیلی ہیلٹ اور کرٹس میرین کی سربراہی میں کی گئی ہے، انسانی لباس کی تاریخ کو ہمارے سابقہ اندازوں کے مقابلے میں کم از کم 80 ہزار سال زیادہ قدیم ثابت کرتی ہے۔
اس کی تفصیل ریسرچ جرنل ‘‘آئی سائنس’’ میں شائع ہوئی ہے جس میں مراکش کے غاروں سے ملنے والے 60 سے زیادہ قدیم اوزاروں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا ہے، ان میں سے کئی اوزاروں پر کچھ مخصوص نشانات ایسے تھے کہ جیسے انہیں جانوروں کی کھال سے لباس بنانے میں استعمال کیا جاتا ہوگا یہ اوزار، لباس سازی میں استعمال ہونے والے قدیم اوزاروں سے بے حد مماثلت رکھتے تھے۔