ہاتھوں پر تیز ترین دوڑ کا ریکارڈ ٹانگوں سے محروم نوجوان کے نام

Published On 04 October,2021 05:58 pm

اوہائیو:(ویب ڈیسک)انسان کا جذبہ ،ہمت اور حوصلہ بلند ہو تو وہ کسی بھی مشکل کو اپنی محنت اور لگن کی بدولت حل کرلیتا ہے ،پھر وہ مشکل چاہے پہاڑ کاٹ کر سٹرک بنانا ہو یا پھر دونوں ٹانگوں سے محروم ہونے کے باوجود نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنا ہی کیوں نہ ہو۔

اسی ہمت اور حوصلے کی داستان امریکہ میں ٹانگوں سے محروم ایتھلیٹ زیون کلارک نے 20 میٹر کا فاصلہ اپنے ہاتھوں کے بل پر صرف 4.78 سیکنڈ میں طے کرکے رقم کی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال فروری کی 15تاریخ کو میسیلون، اوہائیو میں قائم کیے گئے ریکارڈ کو اب گنیز ورلڈ ریکارڈ نے بھی تسلیم کرلیا ہے اور اسے اپنی آئندہ سالانہ کتاب ’’گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ 2022‘‘کا حصہ بنا لیا ہے۔

زیون نے کہا کہ ٹانگوں سے محرومی ان کےلیے زندگی کا سب سے بڑا چیلنج تھی جسے پورا کرنے کےلیے انہوں نے ہر وہ کام کیا جو ٹانگوں والا ایک نارمل انسان کرسکتا ہے۔

انہوں نے اداکاری ،باڈی بلڈنگ ، ریسلنگ میں مہارت حاصل کی اور دنیا کو دکھا دیا کہ ان میں وہ سب کچھ کرنے کی قابلیت ہے جو ایک نارمل انسان کرسکتا ہے۔

دونوں ٹانگوں سے محروم ایتھیلٹ نے انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ کے علاوہ ذاتی ویب سائٹ بھی بنائی ہوئی ہے جبکہ زیون کی زندگی پر نیٹ فلکس نے ایک مختصر ڈاکیومینٹری بھی بنائی ہے۔


واضح رہے کہ 24 سالہ زیون کلارک پیدائشی طور پر ٹانگوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے انہیں پیدا کرنیوالی خاتون نے بھی پالنے سے انکار کردیا تھا اور ہسپتال میں چھوڑ دیا تھا۔وہ 16 سال کی عمر تک ایک سے دوسرے اور دوسرے سے تیسرے گھر میں لے پالک بچے کے طور پر پلتے رہے اور ہر طرح کی دشواری، حقارت اور پریشانی کا سامنا بھی کرتے رہے۔

2013 میں کمبرلی ہاکنز نامی ایک خاتون نے زیون کو ہمیشہ کےلیے اپنا بیٹا بنا کر ساتھ رکھ لیا۔وہ ایک امریکی مصنف کے تعاون سے اپنے بارے میں ایک کتاب ’’زیون: ان میچڈ‘‘ بھی لکھ چکے ہیں۔

اپنی صلاحیتوں کو ایک نئے انداز سے منوانے کےلیے پچھلے سال کووڈ 19 وبا کے دوران زیون نے ہاتھوں کی مدد سے دوڑنے کی مشق بہتر کرنا شروع کردی اور بالآخر ایک سال بعد وہ ہاتھوں کے ذریعے تیز ترین دوڑ کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

اب زیون2024 کے سمر اولمپکس اور پیرالمپکس میں حصہ لینے کی تیاری کررہے ہیں جہاں وہ سونے کا تمغہ جیتنے اور کوئی نیا عالمی ریکارڈ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
 

Advertisement