ماں نے بیٹے کو تیندوے کی خوراک بننے سے بچا لیا

Published On 04 December,2021 09:52 am

نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) ممتا کی ایک مثال بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں دیکھنے کو ملی جہاں ایک تیندوا قبائلی خاتون کی گود سے بچہ چھین کر لے گیا۔

خوفناک واقعے کے باوجود خاتون نے ہمت نہ ہاری اور اپنے دوسرے بچوں کو جھونپڑی میں بند کر کے تیندوے کے تعاقب میں جنگل کی طرف بھاگی۔ بچے کو تیندوے سے بچانے کے دوران خاتون بری طرح زخمی ہوگئی اور بچے کو بھی زخم آئے لیکن بہادر ماں نے اسے خونخوار جانور کے شکنجے سے زندہ نکال لیا۔

ریسکیو اہلکار کے مطابق بچے کی کمر، گالوں اور آنکھوں پر چوٹیں آئیں اور اس کی ماں بھی اس حملے میں زخمی ہوگئی۔ خاتون اور بچے کو بعدازاں بنیادی مرکز صحت میں داخل کرایا گیا۔ محکمہ جنگلات ان کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کرے گا۔

مذکورہ واقعے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں ور صارفین کی جانب سے خاتون کی بہادری کی تعریف کی جارہی ہے۔
 

Advertisement