بندروں کا اپنے بچے کی موت کا سفاکانہ بدلہ،250کتوں کو مار ڈالا

Published On 19 December,2021 10:19 pm

ممبئی:(ویب ڈیسک)خاندانی دشمنی،ذاتی مخالفت یا پھر کسی بات پر لڑائی جھگڑے کے باعث انسانوں کی ایک دوسرے سے بدلہ لینے کی خبریں تو آتی رہتی ہیں مگر اب بندروں کے سفاکانہ بدلے نے سب کو حیرت میں مبتلا کرکے رکھ دیا ہے۔

ہوا کچھ یوں کہ اپنے بچے کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے بندروں نے 250کتوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع بید میں ایک ماہ قبل کتوں نے بندروں کا ایک بچہ ہلاک کردیا تھا جس کا بدلہ لینے کیلئے بندر اب تک 250 کے قریب کتوں کو ہلاک کر چکے ہیں۔ بندر کتوں کے چھوٹے بچوں کو اٹھا کر لے جاتے ہیں اور انہیں بلندی سے نیچے پھینک کر مار دیتے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کو بندروں سے جان چھڑانے کی درخواست کی تاہم ان کی ٹیمیں ایک بھی بند نہیں پکڑ پائیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ مجال گاؤں میں سپاہی بندر گشت کرتے رہتے ہیں اور جیسے ہی انہیں کتے کا چھوٹا بچہ نظر آتا ہے تو وہ انہیں اٹھا کر اونچی جگہ پر لے جاتے ہیں اور وہاں سے نیچے پھینک دیتے ہیں۔ اس علاقے کی آبادی پانچ ہزار سے زائد نفوس پر مشتمل ہے۔اہلِ علاقہ کے مطابق بندر اپنے بچے کی موت کا بدلہ اس شدت سے لے رہے ہیں کہ اب پورے علاقے میں کہیں بھی چھوٹا کتا باقی نہیں بچا۔
 

Advertisement