روس: (روزنامہ دنیا) روس میں ایک سکیورٹی گارڈ نے اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی کرتے ہوئے مصوری کے ایک نایاب شاہکار میں بے آنکھ چہرے پر اپنی طرف سے آنکھیں بنا کر اسے برباد کر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اگرچہ دسمبر 2021 میں پیش آیا تھا لیکن تحقیقات کے بعد اب اس کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس پینٹنگ میں 3 چہرے بنائے گئے ہیں مکمل چہرے والے 2 افراد کی آنکھیں مصور نے جان بوجھ کر نہیں بنائی تھیں، سکیورٹی گارڈ نے اپنی ملازمت کے پہلے روز ہی بے آنکھوں چہرے پر اپنے ہاتھ سے آنکھیں بنائیں اور پورے شاہکار کو برباد کر دیا۔
اس پینٹنگ کو مشہور مصورہ لیپروسکایا نے بنایا تھا جس کی انشورنس 7 لاکھ 40 ہزار پاونڈ میں کی گئی تھی جو اس کی قیمت کو ظاہر کرتی ہیں۔ پاکستانی روپوں میں یہ قیمت 17 کروڑ سے زائد بنتی ہے۔ ماہرین کے مطابق سکیورٹی گارڈ پر جرمانہ اور ایک سال قید کی سزا عائد کی جا سکتی ہے۔