عوام کو سستا پٹرول دینے کی انوکھی آفر

Published On 08 August,2022 05:41 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے باعث دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، بھارت، پاکستان، بنگلا دیش، سری لنکا سمیت دیگر عالمی ممالک میں بڑھتی قیمتیں عوام کے لیے درد سر بنی ہوئی ہیں۔

تاہم بھارتی ریاست راجھستان میں سستا پٹرول حاصل کرنے کے لیے ایک انوکھی آفر سامنے آئی ہے جہاں پر ایک پٹرول پمپ مالک نے عوام کو سستا پٹرول حاصل کرنے کے لیے پلاسٹک کی تھیلی جمع کروانے کی پیشکش کر دی۔

پٹرول پمپ مالک نے پیشکش پلاسٹک کا کم سے کم استعمال کرنے کے لیے دی ہے۔ شہری استعمال شدہ تھیلیاں جمع کروا کر 1 روپے سستا پٹرول حاصل کر سکتے ہیں۔

اشوک کمار نامی پٹرول مالک نے 3 ماہ کے لیے مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس کے لیے انہوں نے ایک ڈیری برانڈ کے ساتھ معاہدہ بھی کیا ہے۔

اب تک پمپ پر شہری 700 سے زائد پلاسٹک کی تھیلیاں جمع کروا کر سستا پٹرول حاصل کر چکے ہیں۔ پلاسٹک کی بوتلوں کے بدلے میں بھی سستا پٹرول دیا جا رہا ہے۔