بینکاک: (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ میں سیاحت کو بڑھانے کیلئے بندروں کی دعوت کیلئے میلے کا انعقاد کیا گیا۔
تھائی لینڈ کے وسطی علاقے میں منعقد ہونے والی میلے کی تقریب میں بندروں کے سامنے کئی اقسام کے پھل اور ان کے پسندیدہ کھانے رکھے گئے۔ میلے میں بندروں کے مجسمے سجائے گئے اور اس کے بعد رضاکار ان کیلئے کھانے پینے کا سامان لے کر آئے۔
پورا دن جاری رہنے والی اس تقریب میں رنگ برنگے کپڑوں میں ملبوس بندروں کے غول ایک دوسرے کے ساتھ اٹھکیلیاں کرتے ہوئے دکھائی دئیے جنہیں دیکھ کر وہاں آنے والے سیاح بہت محظوظ ہوئے۔
یہ تقریب بنکاک سے ایک 150 کلومیٹر دور ایک مشہور مندر کے پاس منعقد ہوئی۔ وہاں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ہرسال اس تقریب کے انعقاد سے سیاحت کو فروغ ملتا ہے کیونکہ دنیا بھر سے لوگ اسے دیکھنے کےلیے آتے ہیں۔
وہاں کی مقامی انتظامیہ کے مطابق شروع میں 300کے قریب بندر شریک تھے جن کی تعداد بڑھ کر اب 4000 تک پہنچ چکی ہے۔ یہاں انسان اور بندر دونوں ایک ساتھ سکون سے رہ سکتے ہیں۔ میلے کے دوران بندر سیاحوں کے پاس گئے اور تصاویر بنوائیں۔