ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کے ایک روایتی آئسکریم ساز اس وقت دنیا کی سب سے مہنگی آئس کریم بنا رہے ہیں جس کی قیمت 6700 امریکی ڈالر (19 لاکھ پاکستانی روپے) ہے۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی اس کی تصدیق کی ہے، اس دکان کا نام ’بیاکویا سیلاٹو‘ ہے جس کی پروٹین سے بھرپور آئسکریم میں دنیا کے بہترین اجزا موجود ہیں، اس کا نرم مخملی احساس زبان پر محسوس کیا جا سکتا ہے، آئسکریم سفید ٹرفل (ایک قسم کا قیمتی مشروم)، اعلیٰ معیار کے دودھ، دو اقسام کے پنیر، انڈے کی زردی، ایک قسم کی جاپانی پیاز اور سونے کے ورق سے بنائی جاتی ہے۔
آئسکریم تیار کرنے کے بعد اس پر پرمیگیانو پنیر ڈالا جاتا ہے جو ذائقے کو اور بھی بڑھاتا ہے، آئسکریم کھانے کے لیے ہاتھوں سے ڈھالا گیا چمچہ بھی فراہم کیا جاتا ہے اور اسے آئسکریم کے ساتھ ایک سیاہ ڈبے میں رکھا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ چمچہ بھی جاپانی کاریگر نے بنایا ہے جو نسل درنسل اپنے کام کو آگے بڑھا رہے ہیں، یہ ماہر جاپانی مندر اور عبادت گاہوں میں تزئین و آرائش کا کام کرتے ہیں۔
دکان کے مطابق 130 ملی لیٹر آئسکریم کی قیمت 6700 ڈالر ہے جس میں اٹلی کا مشہور اور قیمتی مشروم ہی سب سے اہم ہے۔