نئی دہلی : ( ویب ڈیسک ) ایئر انڈیا کے طیارے میں سوار ایک خاتون کو ناگپور سے ممبئی جانے والی پرواز کے دوران بچھو نے کاٹ لیا۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ گزشتہ ماہ 23 اپریل کو پیش آیا جس کی تصدیق ایئر انڈیا کے حکام کی جانب سے گزشتہ روز کی گئی ہے۔
ایئر لائن نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو جاری کیے گئے بیان میں اسے انتہائی نایاب اور افسوسناک واقعہ قرار دیا اور کہا کہ اس سے پہلے بھی جہاز پر چوہوں یا پرندوں کے حوالے سے کیسز کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
رپورٹس کے مطابق متاثرہ خاتون کا ہسپتال میں علاج کیا گیا اور بعد میں صحتیاب ہونے پر انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
ایئر انڈیا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ لینڈنگ کے وقت متاثرہ خاتون مسافر کو ہوائی اڈے پر ڈاکٹر نے چیک کیا اور بعد ازاں ہسپتال میں ان کا علاج کر کے انہیں ڈسچارج کر دیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ہمارے حکام خاتون مسافر کے ساتھ ہسپتال گئے اور ڈسچارج ہونے تک مسافر کو ہر طرح کی مدد کی پیشکش کی۔
دوسری جانب ممبئی میں لینڈنگ کے بعد حکام نے پورے طیارے کی اچھے سے تلاشی لی اور آخرکار بچھو کا پتہ لگایا۔
بعدازاں ایئرلائن نے کہا کہ تلاشی کے بعد ایئربس A-319-100 کو پروٹوکول کے مطابق مکمل طور پر دھویا گیا ۔