نیو یارک : ( ویب ڈیسک ) امریکا کی جنوبی ریاست لوزیانا سے تعلق رکھنے والے کتے نے کتّوں میں سب سے زیادہ لمبی زبان رکھنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
رپورٹس کے مطابق گنیز ورلڈ ریکارڈ نے باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ دنیا میں سب سے لمبی زبان والا کتا جنوبی امریکی ریاست لوزیانا میں پایا جاتا ہے۔
لیبراڈور اور جرمن شیفرڈ مکس نسل کے ’ زوئی ‘ نامی کتّے کو سب سے لمبی زبان رکھنے والا کتّا ہونے کا ٹائٹل اس وقت دیا گیا جب ایک جانوروں کے ڈاکٹر کی جانب اس کی پانچ انچ لمبی زبان کی پیمائش کی گئی۔
زوئی کے مالکان سیڈی اور ڈریو ولیمز نے کہا کہ انہیں وہ اس وقت ملا جب وہ صرف چھ ہفتوں کا تھا، انہوں نے فوراً ہی اس کی غیر معمولی لمبی زبان کو دیکھا اور اسی کی وجہ سے اس نے مقبولیت حاصل کی۔
سیڈی اور ولیمز نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ زوئی کے جسم کے مقابلے میں اب بھی اس کی زبان بہت زیادہ لمبی ہے۔