جاپانی شخص نے ’کتا‘ بننے کے لیے ہزاروں ڈالر خرچ کر دیے، ویڈیو وائرل

Published On 01 August,2023 11:30 pm

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپانی شخص نے کتا بننے کے لیے 22 ہزار ڈالر خرچ کر دیے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

شوق کا کوئی مول نہیں اسی کے مصداق ٹوکو نامی جاپانی شخص نے 22,000 ڈالر یا 20 لاکھ جاپانی ین حقیقی کتے کی طرح دکھائی دینے والا ایک کاسٹیوم تیار کروانے کے لیے خرچ کیے ہیں۔

حال ہی میں اپنےاس نئے روپ میں ٹوکو نے اپنے یو ٹیوب اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے، ان کے یوٹیوب پر تقریباً 40 ہزار سبسکرائبرز ہیں اور یہ ویڈیو وائرل ہو گئی۔

ویڈیو میں بعض لوگ انہیں سیر کے لیے لے جارہے ہیں، اس دوران وہ پارک میں موجود دوسرے کتوں کو سونگھتے اور زمین پر لوٹنیاں کھاتے نظر آتے ہیں۔

ویڈیو کے مطابق ٹوکو نے گھر باہر نکلنے سے پہلے کہا تھا کہ وہ بیرونی مہم جوئی سے گھبراہٹ اور تھوڑا سا خوفزدہ محسوس کرتے ہیں، لیکن ویڈیو میں دکھایا گیا کہ راہگیروں اور یہاں تک کہ دوسرے کتوں نے بھی ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

ٹوکو نے کہا، ’’وہ ایسے کام کرنے میں لطف اندوز ہوتے ہیں جو صرف کتے ہی کرتے ہیں۔‘‘ اس سال فروری میں انہوں نے کتوں کی حقیقی زندگی گزارنے کے لیے ایک پنجرا بھی خریدا ہے۔