ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں اگر بچے بغیر کسی وجہ کے سکول سے کافی دن غیر حاضر رہیں تو اس پر والدین کو جیل بھی ہوسکتی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق ملک میں متعارف کرائے گئے چائلڈ پروٹیکشن قانون کے تحت مسلسل 20 دن تک بغیر مطلع کیے غیر حاضر ہونے پر سکول انتظامیہ بچوں کے والدین کے خلاف حکومت کو کارروائی کرنے کی سفارش کرسکتی ہے۔
اگر تحقیقات میں یہ بات ثابت ہوگئی کہ والدین نے جان بوجھ کر بچوں کو تعلیم کے حق سے محروم رکھا یا اس میں غفلت برتی تو قانون کے تحت والدین کو جیل میں سزا بھی بھگتنی پڑ سکتی ہے۔
تاہم یہ سزا عدالت کے ذریعے ہی دی جا سکے گی یعنی تحقیقات مکمل ہونے پر انکوائری کمیٹی والدین کے خلاف کیس بنا کر عدالت میں پیش کرے گی اور کیس کی سنوائی پر فیصلہ عدالت سنائے گی۔
سعودی حکومت کے ایک نمائندے نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اس قانون کا مقصد بچوں کو تعلیم کے حق میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو دور کرنا ہے تاکہ یہ بچے ملک اور معاشرے کے لیے کارآمد شہری بن سکیں۔