مشی گن: (ویب ڈیسک) امریکا کے ایک فارم میں ہنسی خوشی رہنے والی مرغی اب 21 برس کی ہوگئی جس کی تصدیق گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی کی ہے۔
مشی گن میں مارسی پارکرڈارون اور ان کے شوہر ساتھ رہتے ہیں اور فارم میں کسی بھی جانور کومارا نہیں جاتا، یہی وجہ ہے کہ اس فارم میں مرغیاں، کتے، بطخیں اور مور ایک ساتھ رہتے ہیں۔
مالکن کے مطابق یہ مرغی ایک داغدار انڈے سے پیدا ہوئی جسے ماں مرغی نے چھوڑ دیا تھا، مالکن نے اسے تالاب میں پھینکنے کی کوشش کی تاکہ کچھوے اسے کھالیں، اتنے میں انڈے سے ہلکی سی آواز آئی، اس کے بعد دوسری چہچہاہٹ سنی گئی تو معلوم ہوا کہ بچہ اندر زندہ ہے اور انڈے پر چٹخنے کا باریک نشان تھا۔
خاتون نے انڈہ کھولا تو اندر سے چوزہ برآمد ہوا، بچے کو لیمپ سے حرارت دی گئی اور ہاتھ سے دانہ پانی دیا گیا، چوزے کی جسامت کی وجہ سے اسے مونگ پھلی یا پینٹ کا نام دیا گیا، ہر سال مئی میں مرغی کی سالگرہ آتی ہے جو اب 21 برس کی ہو چکی ہے۔
اس سے قبل میٹلڈا نامی مرغی کو سب سے زیادہ عمر رسیدہ ہونے کا اعزاز حاصل تھا، میٹلڈا نامی مرغی 16 برس زندہ رہی تھی، لیکن پینٹ نے اس کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے، تاہم 2011 میں مفی نامی مرغی مرگئی تھی جس کی عمر 23 سال 152 دن تھی، اس کے بعد اب پینٹ دنیا کی سب سے عمر رسیدہ مرغی ہے جس کی عمر سب سے زیادہ ہے۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اس خوبصورت مرغی کو ایک سند بھی عطا کر دی ہے۔