امریکی ریاست کی تاریخ کا سب سے بڑا مگر مچھ قابو کرلیا گیا

Published On 02 September,2023 11:32 pm

مسی سپپی: (ویب ڈیسک) چار افراد نے مل کر امریکی ریاست مسی سپپی کی تاریخ کا سب سے بڑا مگرمچھ قابوکر لیا، تاہم بدقسمت مگرمچھ اپنی گرفتاری کی کوشش کے دوران مارا گیا۔

ریاست کی محکمہ وائلڈ لائف، فشریز اور پارکس کے مطابق مگرمچھ کا وزن 360 کلوگرام سے زائد اور اس کی لمبائی 14 فٹ 3 انچ ہے، اس سے قبل پکڑے جانے والے سب سے بڑے مگرمچھ کی لمبائی 14 فٹ 1 انچ ریکارڈ کی گئی تھی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نر مگر مچھ کو ڈونلڈ ووڈز، ول تھامس، جوئے کلارک اور ٹینر وائٹ نامی مہم جو شکاریوں نے مارا ہے، مگرمچھ کو سن فلاورنامی چھوٹے دریا سے پکڑا گیا تھا۔

ڈونلڈ ووڈز شکاری کا کہنا تھا کہ رات کے 9 بجے ہمیں مگرمچھ نظر آیا تھا جسے شکار کرنے کا ارادہ کیا، 7 گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد اسے مارا گیا، مگرمچھ کو پکڑنے کیلئے جال ڈالے گئے جو اس نے کئی مرتبہ توڑ ڈالے۔

یاد رہے کہ مسی سپپی کا یہ علاقہ مگرمچھوں کی مشہور شکار گاہ کے طور پر بھی جانا جاتا ہے جہاں امریکہ بھر سے لوگ ہر سال اگست کے مہینے میں آتے ہیں اور مگرمچھوں کا شکار کرتے ہیں۔

Advertisement