محکمہ وائلڈ لائف نے شیر کو ریسکیو کر لیا، مالک گرفتار، تحقیقات شروع

Published On 29 August,2023 07:29 pm

کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ وائلڈ لائف نے گاڑی سے نکل کر سڑک پر آنے والے شیر کو ریسکیو کر لیا، پولیس نے شیر کے مالک کو حراست میں لے لیا، شیر کے مالک کو گارڈن کے علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق شیر کو وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے پکڑ لیا ہے، شیر کو پنجرے میں ڈال کر وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔

محکمہ وائلڈ لائف کے ترجمان جاوید مہر کا کہنا ہے کہ تحقیقات کی جائے گی کہ شیر کا پرمٹ ہے یا نہیں، وائلڈ لائف قوانین کے تحت رہائشی علاقوں میں شیر رکھنے کی ممانعت ہے۔

اس سے قبل شہر قائد میں 3 دن کا بھوکا شیر گاڑی سے نکل کر شاہراہ فیصل پر ٹہلنے لگا، محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم شیر کو پکڑنے کے لیے موقع پر پہنچ گئی۔

پالتو شیر شارع فیصل پر عائشہ باوانی کالج کے قریب سڑک پر آگیا، جہاں شہریوں کا بھی رش لگ گیا، پولیس کے مطابق پالتو شیر کو گاڑی کے ذریعے منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ گاڑی سے باہر نکل آیا۔

شیر کے مالک نے بتایا کہ یہ ایگریسو (غصے والا) نہیں پالتو شیر ہے، شیر تین روز سے کھانا نہیں کھا رہا تھا، شیر کو ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ گاڑی سے باہر نکل آیا۔