بیجنگ: (دنیا نیوز) چین نے دلہن کی عمر 25 سال سے کم ہونے پر نقد انعام دینے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین میں جلد شادی کا رجحان پیدا کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے نقد انعام دینے کا اعلان کر دیا گیا، اگر دلہن کی عمر 25 سال سے کم ہوئی تو جوڑے کو ایک ہزار چینی یوآن انعام میں دیئے جائیں گے۔
چین میں نقد انعام کا اعلان نوجوانوں کو شادی کی جانب راغب کرنے اور پیدائش کی شرح کی کمی کو پورا کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چینی حکام کو 60 برسوں بعد پہلی مرتبہ آبادی کے کم ہونے پر تشویش ہو رہی ہے، جس کے بعد اُن کی جانب سے شرح پیدائش کو بڑھانے پر انعامات دینے اور بچوں کی فلاح وبہبود کی سہولیات کو بہتر کرنے کے پروگراموں کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔
چین میں مَردوں کی شادی کرنے کی عمر کی قانونی حد 22 برس جبکہ خواتین کی عمر کی قانونی حد 20 برس ہے تاہم چینی نوجوانوں میں شادی کرنے کا رحجان تیزی سے کم ہو رہا ہے جس کے باعث بچوں کی پیدائش کی شرح بھی کم ہو رہی ہے، اس وقت چین کا شمار کم ترین شرح پیدائش والے ممالک میں ہوتا ہے۔