لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی کمپنی نے ملکہ الزبتھ دوم کی پہلی برسی پر ساڑھے 3 کلوگرام سونے سے بنا سکہ بنایا ہے جس پر 6426 ہیرے جڑے ہیں اور اس کی قیمت دو کروڑ 30 لاکھ ڈالر بتائی جا رہی ہے جو پاکستانی روپوں میں 7 ارب سے زائد کی رقم بنتی ہے۔
باسکٹ بال سائز کا سکہ ایسٹ انڈیا کمپنی نے قائم کیا ہے جو برطانوی راج میں سرگرم رہی، اگرچہ یہ کمپنی ختم ہو چکی ہے لیکن اس کے نام کو استعمال کرنے کا قانونی اجازت نامہ سنجے مہتا نامی شخص نے حاصل کیا ہے، تاہم اس یادگاری سکے کو حکومتی قانونی سکے کا درجہ نہیں دیا گیا، سکے کا نام ’دی کراؤن‘ رکھا گیا ہے جسے سنجیومہتا اور اس کے ساتھی ماہرین نے تیار کیا ہے۔
یادگاری سونے کے سکے کا قطر9.6 انچ ہے جس پر 24 قیراط سونے کے ایک درجن سکے بھی لگے ہیں اور ان کے اوپر ہزاروں ہیرے لگائے ہیں، مرکزی سکے کا وزن دو پاؤنڈ ہے جبکہ اطراف کے سونے کے ہرسکے کا وزن ایک اونس ہے جس پر ملکہ کی تصویر بھی گاڑھی گئی ہے۔
ہیروں کو برطانوی پرچم کی شکل میں سجایا گیا ہے جسے بھارت، برطانیہ، سنگاپور، جرمنی اور سری لنکا کے ڈیزائنر اور ماہرین نے دن رات کی محنت سے بنایا ہے، سنجے مہتا نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ملکہ الزبتھ دوم، ’کرہ ارض کی ملکہ‘ تھیں جن کی یاد میں یہ شاہکار تخلیق کیا گیا ہے۔