امریکی جوڑے کو لکھا گیا خط 8 دہائیوں بعد منزل تک پہنچ گیا

Published On 06 January,2024 08:29 am

الینوائے: (ویب ڈیسک) 1943 میں امریکی جوڑے کو بھیجا گیا خط ڈاک خانے نے بالآخر 80 سال بعد خاندان کو پہنچا دیا۔

امریکی ریاست الینوائے کے شہر ڈیکیلب کے رہائشی لوئس اور لیوینا جورج کو لکھا گیا خط حال ہی میں ڈیکیلب پوسٹ آفس میں جب دوبارہ منظر پر آیا تو ایک ملازم نے اس خاندان کے افراد کو ڈھونڈنے کا فیصلہ کیا۔

یہ خط بالآخر امریکی ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں مقیم جوڑے کی رشتے دار گریس سیلازر کو ارسال کر دیا گیا، جنہوں نے خط کو لوئس اور لیوینا جورج کی بیٹی جینیٹ جورج کے ساتھ شیئر کیا۔

1943 میں بھیجے گئے خط میں ایک کزن نے جورج سے ان کی پہلی بیٹی ایویلین کی موت پر تعزیت کی تھی۔

جورج خاندان کو ڈھونڈنے والے پوسٹ آفس اہلکار کا کہنا تھا کہ اس خط کے اتنے عرصے تک ارسال نہ ہونے کی وجہ خط پر لکھے پتے میں گلی کے نام کے ساتھ گھر کے نمبر کا نہ ہونا تھی۔