حیدرآباد: (ویب ڈیسک) بھارت میں پٹرول کی قلت کے باعث نوجوان کی گھوڑے پر فوڈ ڈلیور کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ غیر معمولی واقعہ بھارتی شہر حیدر آباد میں ایک ایسے وقت میں پیش آیا جب پٹرول کی قلت کے باعث مختلف علاقوں میں پمپس پر لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں، شہر میں ٹرک ڈرائیوروں کے احتجاج کی وجہ سے ایندھن کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔
اسی دوران سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سید فاروق نامی نوجوان گھوڑے پر سوار ہو کر فوڈ ڈلیور کرنے کیلئے اپنے راستے پر رواں دواں ہے۔
— Arbaaz The Great (@ArbaazTheGreat1) January 2, 2024
نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ تین گھنٹے تک پٹرول پمپ پر انتظار کرتے رہے لیکن انہیں پٹرول نہیں ملا، انہیں کھانا ڈلیور کرنا تھا اس لیے وہ گھوڑے پر سوار ہو کر فوڈ ڈلیوری کرنے پر مجبور ہیں۔
نوجوان نے مزید بتایا کہ وہ کسی پبلسٹی اسٹنٹ کیلئے ایسا نہیں کر رہے بلکہ وہ مجبوری کی خاطر ایسا کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کھانا پہنچانے کیلئے استعمال کیا جانے والا گھوڑا فاروق نے کچھ وقت کیلئے اپنے دوست سے لیا ہے، وہ گھڑ سواری کے ہنر سے بھی واقف ہیں۔
فاروق نے بتایا کہ وہ گھوڑے پر ایک دن میں کھانے کے تقریباً 25 پارسل شہر کے مختلف مقامات پر پہنچاتے ہیں۔