پیرس: (ویب ڈیسک) فرانسیسی شہری نے ماچس کی تیلیوں سے دنیا کا سب سے بڑا ایفل ٹاور ماڈل تیار کر لیا۔
47 سالہ فرانسیسی شہری رچرڈ پلوڈ جو کہ گزشتہ 8 برسوں سے 7 لاکھ ماچس کی تیلیوں سے 23 فٹ بلند ایفل ٹاور ماڈل بنا رہا تھا اسے گنیز ورلڈ ریکارڈ نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ اس نے کمرشل طور پر دستیاب ماچس کی تیلیاں استعمال نہیں کیں۔
اس پر رچرڈ پلوڈ کا نام گنیز بک ریکارڈ میں درج کرنے سے انکار کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ رچرڈ نے ایفل ٹاور کا یہ ماڈل 2015 میں تیار کرنا شروع کیا اور اندازاً 4200 گھنٹے کی محنت سے 706,900 ماچس کی تیلیوں سے اسے تیار کیا لیکن گزشتہ برس جب یہ پروجیکٹ تیار ہونے والا تھا تو رچرڈ کو پتہ چلا کہ وہ تکنیکی بنیادوں پر گنیز ریکارڈ کا اہل نہیں ہوسکتا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے پہلے رچرڈ پلوڈ کو کہا تھا کہ ان کا ٹاور عالمی ریکارڈ حاصل نہیں کر سکتا کیونکہ انہوں نے عام دستیاب تیلیوں کو استعمال نہیں کیا، مگر پھر گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اپنا ذہن بدل لیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے ڈائریکٹر مارک مکینلے نے بتایا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ ہمارا ابتدائی ردعمل کافی سخت تھا، مگر رچرڈ پلوڈ کی کوشش کو اب عالمی ریکارڈ کا درجہ مل گیا ہے۔