اننت ناک:(ویب ڈیسک) کشمیر کے 34 سالہ کرکٹر عامر حسین لون دونوں ہاتھوں سے محروم ہیں لیکن منفرد انداز میں کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے لوگ ان کے ہمت و حوصلے اورخود اعتماد ی کی داد دیتے ہیں۔
ضلع اننت ناگ کے گاؤں واگہامہ سے تعلق رکھنے والے عامر آٹھ سال کے تھے، جب گھر کی آری مل میں ایک حادثے کہ وجہ سے اپنے دونوں بازو کھو بیٹھے۔
بچپن سے ہی عامر کو کرکٹ کا شوق تھا اور بازو کھونے کے بعد ان کے لیے یہ ایک چیلنج تھا مگر انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اب وہ دوسروں کے لیے ایک مثال ہیں۔
اپنے پیروں سے بولنگ کرنا، کندھے اور گردن کے درمیان بلا پکڑنا ایک جدوجہد ہے، لیکن عامر یہ سب کرتے ہیں۔ جب وہ دن میں پریکٹس کے لیے باہر آتے ہیں تو علاقے کے درجنوں لڑکے ان کے ساتھ کھیلنے کے لیے جمع ہوتے ہیں اور ان میں سے ہر ایک اپنی باؤلنگ کا انتظار کرتا ہے۔
عامر کے ساتھ ہونے والے اس حادثے سے صرف انہیں ہی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا بلکہ ان کے پورے گھرانے کو سختیاں برداشت کرنی پڑیں اور انہوں نے آری مل اور دیگر جائیداد کو عامر کے علاج کی خاطر فروخت کردیا۔
عامر نے بتایا کہ میں نے کرکٹ کا سفر ڈگری کالج سے شروع کیا اور پھر نئی دہلی میں کھیلنے کا موقع ملا، وہاں لوگوں نے میرے منفرد انداز کو دیکھ کر میری حوصلہ افزائی کی، میری باؤلنگ اور فیلڈنگ ہمیشہ اچھی رہی، اس لیے مجھے 2017 میں بین الاقوامی میچ کھیلنے کا موقع ملا۔