اسپائیڈر مین بن کر بچوں کو نقل کروانے کی ویڈیو وائرل

Published On 07 March,2024 09:30 am

ہریانہ: (ویب ڈیسک) بھارت میں نقل کروانے کے لئے لوگ اسپائیڈر مین بن گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ کے نوح ضلع میں میٹرک کے امتحانات میں طالبعلموں کو نقل کروانے کیلئے ایک سکول کی عمارت پر چڑھ گئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں طالب علموں کو نقل کروانے کیلئے لوگوں کو سکول کی عمارت کی دیواروں پر اسپائیڈر مین کی طرح چڑھتے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ واقعہ بدھ کو نوح ضلع کے تورو علاقے کے چندراوتی سکول میں اس وقت پیش آیا جب امتحانات سے قبل رپورٹس سامنے آئیں جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پرچہ لیک ہوگیا ہے۔

جیسے ہی علاقے میں مبینہ پیپر لیک ہونے کی خبر پھیلی تو مقامی لوگوں نے جو طلبا کے ساتھ تھے سکول کے باہر ہنگامہ کھڑا کر دیا جہاں امتحان ہونا تھا اور بعد ازاں کثیر المنزلہ عمارت کی دیواروں پر چڑھ کر طلبا کو نقل کروانے میں مدد کی۔

سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر نقل کروانے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ضلعی حکام نے واقعے کا نوٹس لیا اور یقین دلایا کہ اس طرز عمل کی کسی بھی صورت میں اجازت نہیں دی جائے گی۔