200 سے زائد بار کورونا ویکسین لگوانے والا جرمن شہری

Published On 07 March,2024 09:19 am

برلن: (ویب ڈیسک) ایک بوڑھے شخص نے 200 سے زائد بار کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوا کر سب کو حیرت زدہ کر دیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق دی لانسیٹ انفیکٹو ڈیزیز جریدے میں دستاویزی کیس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جرمنی سے تعلق رکھنے والے ایک 62 سالہ شخص نے 29 ماہ کے اندر طبی مشورے کے خلاف جا کر نجی طور پر 200 سے زائد ویکسین لگوائیں۔

رپورٹ میں کورونا ویکسین لگوانے والے اس شخص کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے جبکہ اتنی بار ویکسین لگوانے کا مقصد بھی سامنے نہیں آیا۔

یونیورسٹی آف ایرلانجن نیورمبرگ کے مائیکرو بائیولوجی ڈپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر کلیان شوبر نے کہا کہ ہمیں اس کیس کے بارے میں اخبار کے مضامین کے ذریعے معلوم ہوا جس کے بعد پھر ہم نے اس شخص سے رابطہ کیا اور اسے مختلف ٹیسٹ کروانے کیلئے دعوت دی۔

انہوں نے بتایا کہ اس شخص نے تازہ خون اور تھوک کے نمونے محققین کو ٹیسٹ کیلئے فراہم کئے تھے اور جاننے کی کوشش کی کہ ویکسینیشن کے ذریعے مدافعتی نظام کیا اثر دکھاتا ہے، حیران کن طور پر اس کی صحت پر کوئی منفی اثرات نہیں پڑے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جرمنی میں ہی کورونا ویکسین کی 90 خوراکیں لگوانے والا شہری پکڑا گیا تھا۔

اس شخص کا 90 کورونا ویکسین لگوانے کا مقصد ایسے لوگوں کو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بیچ کر پیسہ کمانا تھا جو ویکسین نہیں لگوانا چاہتے۔