نئی دہلی: (ویب ڈیسک) چھوٹا قد خواب میں رکاوٹ نہ بن سکا،بھارت میں تین فٹ کے نوجوان نے پستہ قد کے باوجود ڈاکٹر بننے کا خواب پورا کرلیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست گجرات میں 23 سالہ گنیش برایا غیر معمولی چھوٹے قد کے باوجود اپنے ڈاکٹر بننے کے خواب کو پورا کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
تین فٹ کے گنیش برایا کو ابتدائی طور پر میڈیکل کونسل آف انڈیا نے ایم بی بی ایس میں داخلے کے لیے نااہل قرار دے دیا تھا اور کہا تھا کہ چھوٹے قد کی وجہ سے وہ ایمرجنسی کیسز نہیں سنبھال سکتے۔
گنیش نے اس کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور اپنے خواب کو پورا کرنے کے لیے اُس نے اپنے اسکول کے پرنسپل کے ساتھ مل کر ضلع کلکٹر اور ریاستی وزیر تعلیم سے مدد طلب کی۔
گنیش برایا نے میڈیکل کونسل آف انڈیا کیخلاف گجرات ہائی کورٹ سے رجوع کیا جہاں وہ مقدمہ ہار گئے لیکن پھر بھی انکے عزم میں کمی نہیں آئی۔
انہوں نے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا جہاں سے بلاآخر گنیش برایا نے 2018 میں مقدمہ جیت لیا اور آخر کار 2019 میں ایم بی بی ایس میں داخلہ لینے میں کامیاب ہوگئے۔
ایم بی بی ایس کے بعد برایا نے بھاو نگر کے ہسپتال میں انٹرن شپ بھی کرچکے ہیں، گنیش برایا نے بتایا کہ جب بھی مریض مجھے دیکھتے ہیں تو وہ پہلے چونک جاتے ہیں لیکن پھر وہ مجھے اپنے معالج کے طور پر قبول کرتے ہیں۔