رباط:(ویب ڈیسک ) فارم میں داخل ہونے والے گدھے کی ٹانگیں کاٹنے کے عجیب واقعے نے مراکش کے باشندوں کو ہلا کر رکھ دیا۔
گدھے کی ٹانگیں کاٹنے پر کسان کے خلاف عوام شدید مذمت اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
یہ واقعہ ملک کے مشرق میں واقع شہر زاکورہ میں پیش آیا، جس میں ایک فارم کے مالک نے اپنے فارم میں گھس کر وہاں موجود سبزیاں اور فصلیں کھانے والے گدھے کی تیز دھار آلے سے ٹانگیں کاٹ دیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر گردش کرنے والی تصاویر میں گدھے کو اس کے پچھلے اعضاء میں شدید زخمی دکھایا گیا، اس کی ٹانگوں سے خون بہہ رہا ہے اور وہ شدید تکلیف میں ہے جس کی وجہ سے وہ چلنے سے قاصر ہے۔
اس واقعے نے عوامی حلقوں میں شدید غم وغصے کی لہر دوڑا دی اور شہریوں نے گدھے کی ٹانگیں کاٹنے پر کسان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ میرے پاس اس واقعے کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں، ایک ایسے جانور کے خلاف کیے گئے وحشیانہ فعل پر کسان کےخلاف مقدمہ چلایا جانا چاہیے ، گدھے کا واحد گناہ بھوک کا احساس ہے۔
دوسری جانب پولیس نے کہا ہے کہ اس نے گدھے کی ٹانگیں کاٹنے والے کسان کو گرفتار کیا جسے بعد میں 2000 درہم کی مالی ضمانت پر رہا کیا کردیا گیا، تاہم اس کے خلاف عدالت میں کیس چل رہا ہے۔
واضح رہے مراکشی پینل کوڈ آرٹیکل 601 میں درج ہے کہ جانوروں کونقصان پہنچانے اور انہیں تکلیف دینے والے کو پانچ سال قید اور دو سو سے پانچ سو درہم جرمانے کی سزا دی جاسکتی ہے۔