ڈیزل والا پراٹھا بنانے والا انوکھا شیف جو اسے کینسر کے علاج کا ذریعہ قرار دیتا ہے

Published On 14 May,2024 01:05 pm

چندی گڑھ :(دنیا نیوز )آپ نے سادہ ، آلو والا، پالک والا اور گوبھی والا پراٹھا تو سنا ہی ہوگا لیکن سوشل میڈیا پر ایک ایسا پراٹھا بھی وائرل ہے جسے ’ڈیزل‘ میں بنایا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر یہ وائرل ویڈیو انڈیا کے شہر چندی گڑھ کی ہے جہاں ایک ہوٹل میں مبینہ طور پر ڈیزل میں پراٹھے بنائے جاتے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر نیبُولا ورلڈ نامی ہینڈل نے ویڈیو شیئر کی جس میں ببلو نامی شیف ڈیزل پراٹھا بناتا ہے۔

 ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیف ببلو پہلے پراٹھے کے لیے آٹا گوندتا ہے اور پھر اُس میں آلو والا مکسچر ڈالتا ہے، اس کے بعد توے پر پراٹھے کو پکانے کے لیے ڈالا جاتا ہے۔

اس کے بعد شیف ببلو کی جانب سے پراٹھے پر بھرپور مقدار میں تیل ڈالا جاتا ہے، یہ تیل نہیں بلکہ مبینہ طور پر ڈیزل ہے جسے وہ پراٹھا بنانے کیلئے استعمال کرتا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل کا مظاہرہ کیا جارہا ہے کچھ ببلو کو بیوقوف قراردے رہے ہیں اور کچھ صارفین اسے منفرد پکوان کا نام دے رہے ہیں، سوشل میڈیا صارفین نے ببلو کے بارے میں یہاں تک لکھا کہ ہمیں سوچنا ہوگا کہ ہمارا معاشرہ کہاں جارہا ہے۔