’وائلڈ تھانگ‘ نے دنیا کے بدصورت ترین کتے ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا

Published On 25 June,2024 05:29 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) دنیا کے بدصورت ترین کتے کا تاج ’وائلڈ تھانگ‘ کے سر پر سج گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں دنیا کے بدصورت ترین کتے کا مقابلہ ہوا، اس مقابلے کا انعقاد پچھلے 20 سالوں سے کیا جارہا ہے جس میں بدصورت کتے حصہ لیتے ہیں۔

رواں سال ہونے والے مقابلے میں 8 سالہ کتے ’وائلڈ تھانگ‘ کو دنیا کا بدصورت ترین کتا ہونے کا اعزاز دیا گیا اور کتے نے 5 ہزار ڈالر کا انعام بھی حاصل کیا۔

اس کے علاوہ مقابلے میں 14 سالہ روم دوسرے اور تیسرے نمبر پر 14 سالہ ڈیزی مے رہا، جنہیں 3 ہزار ڈالر اور 2 ہزار ڈالر دیے گئے، اس سال بدصورت ترین کتے کا مقابلہ جیتنے والا ‘وائلڈ تھانگ’ اس سے قبل بھی 5 بار مقابلے میں حصہ لے چکا ہے۔

وائلڈ تھانگ وائرل بیماری کینائن ڈسٹمپر کا شکار رہا ہے جس کی وجہ سے اس کے دانتوں کی نشوونما نہیں ہوتی اور اس کی زبان لٹک کر باہر آجاتی ہے جب کہ یہ بہت سے جسمانی مسائل سے بھی دوچار ہے۔