گیبورون: (دنیا نیوز) افریقی ملک بوٹسوانا میں ہیروں کی ایک کان سے 2 ہزار 492 قیراط کا ہیرا برآمد ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ ہیرا تاریخ میں ملنے والا دوسرا سب سے بڑا ہیرا ہے، نایاب اور بیش قیمت ہیرے کو بوٹسوانا کی پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا۔
تاریخ کا دوسرا بڑا ہیرا دیکھتے ہی بوٹسوانا کے صدر کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ گئیں، بوٹسوانا کے صدر کا کہنا تھا کہ میں سڑکیں بنتی، ہسپتال تعمیر ہوتے اور بچوں کو سکول جاتا دیکھ رہا ہوں۔
بوٹسوانی حکومت کے مطابق یہ جنوبی افریقی ریاست میں دریافت ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا ہیرا ہے، یہ ہیرا کینیڈا کی کمپنی لوکارا ڈائمنڈ کی ایک کان سے نکالا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہیرا بوٹسوانا کے دارالحکومت گیبورون سے تقریباً 500 کلومیٹر شمال میں کان سے ملا۔