لندن: (ویب ڈیسک) موبائل فون پر گیم کھیلنا برطانوی خاتون کو مہنگا پڑ گیا، 7 سال کیلئے عدالت نے جیل بھیج دیا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں موبائل فون پر گیم کھیلنے میں گزرنے والا وقت برطانوی خاتون کیلئے تباہی کا باعث بن گیا۔
لندن کے مقامی میڈیا کی طرف سے شائع رپورٹ کے مطابق خاتون کا بچہ باتھ روم میں اپنی سیٹ سے پانی کے ٹپ میں گر کر چلا بسا جس دوران خاتون فون پر گیم کھیلنے میں مصروف تھی، عدالت نے اسے بچے کی دیکھ بھال میں غفلت کا مرتکب قرار دیا۔
برطانیہ کی مجاز عدالت نے ایک خاتون کو ”غیر ارادی قتل“ کے جرم کا مرتکب قرار دے کر 7 سال قید کی سزا سنا دی۔
رپورٹ کے مطابق سات ماہ کا چارلی گڈال فروری 2022 میں گھر میں اپنی نئی نصب شدہ سیٹ سے پانی کے ٹب میں گرنے کے بعد موت کے منہ میں چلا گیا، 31 سالہ والدہ ڈینیئل میسی نے چارلی کو سنک میں بٹھایا اور کہا کہ اس نے اسے ایک ”مختصر مدت“ کیلئے اس وقت تک چھوڑا تھا کہ اس مدت میں صاف تولیہ لایا جا سکے۔
لیکن ٹیسائیڈ کراؤن کورٹ کے استغاثہ نے بتایا کہ میسی نے اپنے بیٹے کو 26 منٹ تک وہیں چھوڑے رکھا اور فون پر گیم کھیلتی رہی اور اس دوران سو بھی گئی، تاہم بعد میں میسی نے چارلی کو پانی کے ایک ٹب میں بیہوش پایا تو ہنگامی ٹیم کو مدد کیلئے بلایا، سات ماہ کے چارلی کو کاؤنٹی ڈرہم کے ویسٹ شیلٹن ٹیرس سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے نیو کیسل کے رائل وکٹوریہ ہسپتال لے جایا گیا لیکن تب تک بچہ مر چکا تھا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ میسی نے ایک پولیس افسر کے سامنے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب میری غلطی ہے، میں نے اپنے بچے کو مار دیا۔
ماں نے چارلی کی موت کے دن پہلے ہی قتل اور بھنگ رکھنے کا اعتراف کر لیا تھا، ڈینیئل میسی نے کہا کہ اس کی سخت غفلت اپنے موبائل فون پر گیم کھیلنے اور نامناسب شاور سیٹ استعمال کرنے تک محدود تھی۔