مقروض خاتون نے قرض دینے والی کمپنی کے ایجنٹ سے شادی رچا لی

Published On 14 February,2025 08:58 am

بہار: (ویب ڈیسک) بھارت میں مقروض خاتون سے سود پر قرض دینے والی کمپنی کے ایجنٹ سے شادی رچا لی۔

انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارت کی ریاست بہار میں یہ عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جہاں اندرا کماری نامی خاتون نے 2022 میں نکول شرما سے شادی کی تھی جو شراب پینے کا عادی ہے، وہ نشے کی حالت میں بیوی سے بدسلوکی اور انہیں تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔

ظالم شوہر کو مزید برداشت کرنے سے قاصر خاتون نے اس مشکل سے نکلنے کا انوکھا راستہ تلاش کیا، خاتون کا سامنا پون کمار یادو نامی شخص سے ہوا جو ایک فنانس کمپنی میں کام کرنے والا ایجنٹ ہے۔

ابتدائی طور پر اندرا کماری اور پون کمار یادو کا تعلق خالصتاً پیشہ ورانہ رہا لیکن بعد میں انہیں ایک دوسرے سے محبت ہوگئی، پانچ ماہ تک دونوں نے اپنے تعلق کو خفیہ رکھا اور 4 فروری 2025 کو ریاست مغربی بنگال بھاگ گئے۔

وہاں کچھ دن گزارنے کے بعد وہ جموئی واپس آئے جہاں انہوں نے 11 فروری 2025 کو ایک مندر میں روایتی ہندو رسومات کے تحت شادی کی، شادی کی تقریب میں کئی لوگوں نے شرکت کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے۔

پون کمار یادو کے اہل خانہ نے خاتون کو قبول کر لیا لیکن اندرا کماری کی فیملی نے جوڑے کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج کروا دیا، ایف آئی آر اور خاندان والوں کی دھمکیوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے جوڑے نے پولیس سے تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔