بیجنگ : (ویب ڈیسک) چین کی ایک کمپنی نے جانوروں کی آوازوں کو انسانوں کی زبان میں ترجمہ کرنے کی کوشش شروع کر دی۔
ٹیکنالوجی جائنٹ بیڈو نے ایک پیٹنٹ دائر کیا ہے جس میں ایک ایسا سسٹم تجویز کیا گیا ہے جو جانوروں کی آوازوں کو انسانوں کی زبان میں ترجمہ کرے گا، یہ سسٹم جانوروں کی آوازوں، رویوں اور جسمانی علامات کو جمع کرکے جانور کی جذباتی حالت سمجھنے کیلئے تجزیہ کرے گا۔
اس سسٹم میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جائے گا جو جانوروں کے مختلف اشاروں کو پراسیس کرے گا، یہ سگنل جانوروں کی آوازیں، جسمانی حرکات اور ان کی جذباتی حالت پر کام کریں گے۔
اے آئی سسٹم ان تمام معلومات کو ملا کر جانور کی جذباتی حالت کو سمجھنے کی کوشش کرے گا،اس کے بعد ان جذبات کو انسانوں کی زبان میں ترجمہ کیا جائے گا جس سے انسان اپنے پالتو جانور کی ضروریات اور جذبات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں گے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کئی محققین جانوروں کی زبان کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس بات کی امید ہے کہ ایک دن ہم اپنے جانوروں کے ساتھ زیادہ بہتر اور گہرا تعلق قائم کر سکیں گے۔