دولت مند شائقین افراد کے لئے رکشہ ہینڈ بیگ متعارف

Published On 23 July,2025 12:47 pm

پیرس: (ویب ڈیسک) فرانسیسی لگژری برانڈ اور فیشن کمپنی لوئی وٹان (Louis Vuitton) نے دولت مند شائقین افراد کیلئے رکشہ ہینڈ بیگ متعارف کرادیا، جس کی قیمت صرف ایک کروڑ 20 لاکھ روپے تک رکھی گئی ہے۔

لوئی وٹان مہنگی اور اچھوتی اشیا متعارف کرانے کیلئے مشہور ہے، یہ برانڈ خصوصی طور پر کپڑے، جوتے، ہینڈ بیگ اور کیپ وغیرہ سمیت دوسری اشیاء کو متعارف کرانے کی وجہ سے شہرت رکھتا ہے۔

150 سال پرانی کمپنی کی جانب سے حال ہی میں مختلف ڈیزائن کے مردانہ و زنانہ ہینڈ بیگز متعارف کرائے گئے۔

کمپنی نے لیپ ٹاپ، صندوق اور دوسری چیزوں کی طرح بنائے گئے ہینڈ بیگز بھی متعارف کرائے۔

لوئی وٹان نے جون کے اختتام پر متعدد ہینڈ بیگز، جوتے، کیپ اور کپڑے متعارف کرائے، جن میں سے ایک ہینڈ بیگ رکشہ ڈیزائن کا بھی تھا، فیشن لگژری برانڈ کی جانب سے رکشہ کے ڈیزائن کے ہینڈ بیگ کی خاص بات یہ ہے کہ بیگ باہر سے رکشے کی طرح دکھائی دیتا ہے جبکہ اس کے اندر ایک سے زائد خانے موجود ہیں۔

رکشہ ہینڈ بیگ کے بیرونی حصے میں رکشہ کے ویلز اور رکشہ کا فرنٹ شیشہ بھی ڈیزائن بھی نظر آتا ہے۔

رکشہ ہینڈ بیگ پر لوئی وٹان کا تاریخی لوگو بھی دیا گیا ہے، جس وجہ سے اس کی قیمت محض ایک کروڑ 20 لاکھ روپے تک رکھی گئی ہے۔

لگژری برانڈ کی جانب سے رکشہ ہینڈ بیگ متعارف کرائے جانے کے بعد اس کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوگئیں اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کئے۔