اترپردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں شوہر کی دوسری شادی میں پہلی بیوی اپنی شادی کی تصاویر ثبوت کے طور پر لے کر پہنچ گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کی ریاست اترپردیش کے ضلع بستی میں شادی میں اس وقت ڈرامائی واقعہ پیش آیا جب پہلی بیوی نے تقریب میں پہنچ کر شادی کو روک دیا۔
خاتون نے الزام عائد کیا کہ شوہر شادی شدہ ہونے کے باوجود دوسری شادی کر رہا ہے۔
دولہا ونے آنند شرما جے مالا کی تقریب کے بعد بیٹھا تھا جب اس کی پہلی بیوی ریشما خاندان سمیت سٹیج پر پہنچ گئی جس کے بعد شادی رک گئی، ریشما نے اسٹیج پر چڑھ کر باراتیوں کو اپنی اور ونے کی شادی کی تصاویر دکھائیں جس پر دولہا شرمندہ ہوگیا۔
واضح رہے کہ گجرات کے انکلیشور کی رہنے والی ریشما اور ونے کو پڑھائی کے دوران پیار ہوگیا اور دونوں کی شادی 30 مارچ 2022 کو عدالت میں ہوئی جس کے بعد دونوں خاندانوں کے ساتھ ایک پروقار تقریب ہوئی تاہم معاملات بعد میں بگڑنا شروع ہوگئے، ونے اور ریشما کا جھگڑا عدالت تک پہنچ گیا لیکن دونوں کے درمیان طلاق نہیں ہوئی تھی۔
اس دوران پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور دونوں فریقین کو سمجھایا، دولہے کو تھانے لے آئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دوسری ریاست سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے اپنے شوہر پر دوسری شادی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ایک درخواست دائر کی جبکہ ان کا طلاق کا کیس ابھی زیر التوا ہے، دونوں فریقوں نے قانونی کارروائی ہونے تک شادی کو آگے نہ بڑھانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔



