سوشل میڈیا نے 15 سال سے گمشدہ شخص کو اپنی فیملی سے ملوا دیا

Published On 09 December,2025 08:44 am

ہماچل: (ویب ڈیسک) بھارت میں سوشل میڈیا نے 15 سال سے گمشدہ شخص کو اپنی فیملی سے ملوا دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہمیر پور کا رہائشی شخص جنرل ریزرو انجینئر فورس میں پہلی پوسٹنگ کیلئے تریپور جاتے ہوئے لاپتہ ہوگیا تھا اب سوشل میڈیا کی بدولت 15 سال بعد خاندان سے مل گیا ہے۔

ہماچل کے ہمیر پور ضلع کے گھیرتھولی گاؤں کے رہنے والے بلدیو کی واپسی ایک تہوار سے جیسی تھی جس میں کنبہ کے افراد اور گاؤں کے لوگوں نے ڈھول کی تھاپ کے ساتھ اس کا استقبال کیا، رشتہ دار، دوست اور گاؤں والے دن بھر اس گھر پر جمع رہے اور بلدیو کو صحیح سلامت دیکھ کر کنبہ کے لوگ جذباتی ہوگئے۔

بلدیو کے بھائی پرتاپ نے بتایا کہ 15 سال قبل بلدیو اس وقت لاپتہ ہو گیا تھا جب وہ اپنی پہلی پوسٹنگ میں شامل ہونے جا رہا تھا، اس نے آخری بار دہلی سے خاندان سے بات کی لیکن پھر غائب ہوگئے، یادداشت کھو جانے کی وجہ سے وہ نہ تو ڈیوٹی جوائن کر سکا اور نہ ہی گھر واپس آیا۔

لواحقین نے گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی لیکن برسوں تک اس کا کوئی سراغ نہیں ملا اب 15 سال بعد بالآخر خاندان نے اسے سوشل میڈیا کے ذریعے ڈھونڈ لیا۔