آسٹریلوی قصبہ 50 لاکھ پاؤنڈ میں فروخت کے لیے پیش

آسٹریلوی قصبہ 50 لاکھ پاؤنڈ میں فروخت کے لیے پیش

لیکولا وکٹورین ہائی کنٹری میں میلبرن سے تقریباً 250 کلومیٹر مشرق میں واقع ایک دور افتادہ علاقہ ہے، جہاں صرف پانچ افراد کی رہائش گاہ ہے، اس شہر میں ایک جنرل سٹور، پٹرول سٹیشن، کاروان پارک اور کئی ویدر بورڈ کی عمارتیں شامل ہیں، جو تقریباً 42 ایکڑ رقبے پر پھیلی ہوئی ہیں۔

اس قصبے کو خاموشی سے فروخت کے لیے آن لائن لسٹ کیا گیا ہے، جب اس کے طویل عرصے سے مالکان نے کہا کہ اس کو چلانا اب مالی طور پر ممکن نہیں رہا، لیکولا 50 سال سے زیادہ عرصے سے وکٹوریا اور سدرن نیو ساؤتھ ویلز کے لائنز کلبز کی ملکیت میں رہا ہے، جنہوں نے 1960 کی دہائی کے آخر میں سابقہ لکڑی کی مل کی زمین حاصل کی اور اسے ایک گاؤں میں تبدیل کر دیا، جہاں محروم بچوں، نوجوانوں اور خصوصی ضروریات والے گروپوں کے لیے کیمپ لگائے جاتے تھے۔

میکلسٹر دریا کے کنارے قائم یہ قصبہ الپائن نیشنل پارک جانے والے مسافروں کے لیے بھی ایک اہم سٹاپ کے طور پر کام کرتی رہی، جہاں وہ ایندھن، خوراک اور رہائش حاصل کر سکتے ہیں، بصورت دیگر اس علاقے میں سہولیات کم ہیں۔

یہ وکٹوریا کا واحد علاقہ ہے جو ریاستی بجلی کے گرڈ سے منسلک نہیں، بلکہ اپنی بجلی ایک سولر مائیکرو گرڈ کے ذریعے پیدا کرتا ہے اور اپنا پانی اور فضلہ خود سنبھالتا ہے، اس فروخت نے رہائشیوں اور حامیوں کو، خاص طور پر اس خاندان کو، جس کے زیر انتظام جنرل سٹور چل رہا ہے، پریشان کر دیا ہے۔

لیان او ڈونل جو اپنے ایک بچے، اپنی بہترین دوست اور دو دیگر بچوں کے ساتھ لیکولا میں رہتی ہیں، نے کہا کہ انہیں گزشتہ سال کے آخر میں آن لائن لسٹنگ دیکھنے کے بعد اس فروخت کے بارے میں معلوم ہوا، ان کی لیز کی تجدید نہیں کی گئی اور انہیں پراپرٹی خالی کرنے کو کہا گیا ہے۔

لیان او ڈونل نے بتایا کہ مجھے یہ شہر بے حد پسند ہے، اگر یہ کسی ڈویلپر کے ہاتھ لگ گیا اور کچھ ایسا بن گیا جو یہ نہیں ہے، تو یہ میرا دل توڑ دے گا۔

ایک آن لائن پٹیشن جس میں سٹور کو کھلا رکھنے اور لیان او ڈونل کو رہنے کی اجازت دینے کی درخواست کی گئی ہے، پر آٹھ ہزار سے زائد دستخط کیے جا چکے ہیں، لیان او ڈونل نے شہر کو مکمل طور پر خریدنے اور اسے کمیونٹی کے کنٹرول میں رکھنے کے لیے فنڈ ریزنگ مہم بھی شروع کی ہے۔

انہوں نے گو فنڈ می پیج پر لکھا ک۔ لیکولا صرف ایک شہر نہیں ہے، یہ وکٹوریا کی ہائی کنٹری میں ایک نایاب، پرامن، مکمل طور پر آف گرڈ کمیونٹی ہے، لیکولا نے اس علاقے میں رہنے والے اور گزرنے والے لوگوں کے لیے ضروری خدمات فراہم کیں، عیش و آرام کے لیے نہیں بلکہ لائف لائن کے طور پر، اگر شہر نجی ڈویلپرز کو فروخت ہو گیا تو یہ خدمات ختم ہو سکتی ہیں۔

اس مہم کا مقصد پورے قصبے کے لیے بولی لگانے کے لیے زیادہ سے زیادہ 8 ملین آسٹریلوی ڈالر جمع کرنا ہے اور طویل مدتی مقصد کی حامل کمیونٹی کی ملکیت قائم کرنا ہے، چاہے وہ ٹرسٹ یا کوآپریٹو ماڈل کے تحت ہو۔