خلاصہ
- ماسکو: (ویب ڈیسک) روس میں بے روزگاری سے تنگ آئے 20 سالہ نوجوان نے سر پر چھت اور ایک وقت کی روٹی کیلئے بم کی افواہ پھیلا کر خود کو کامیابی کے ساتھ گرفتار کروا لیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہائی سکول سے گریجویٹ کرنے کے بعد نوجوان نے فوج میں خدمات انجام دیں اور حال ہی میں روسی شہر اوفا میں نوکری حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن متعدد کوششوں کے بعد بھی وہ ناکام رہا، رہنے کیلئے جگہ اور کھانے کیلئے پیسے نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان نے خود کو جیل بھجوانے کا ایک منصوبہ تیار کیا۔
اوفا میں نوکری کی تلاش میں 3 روز گزارنے کے بعد وہ ایک ہوٹل میں گیا اور وہاں کے سٹاف کو ڈرایا کہ اس کے بیگ میں بم ہے اور وہ اس جگہ کو اڑا دے گا، اس نے خود کو ایک کمرے میں بند کر لیا جس کے باوجود ہوٹل سٹاف نے اس کو سنجیدہ نہیں لیا، یہاں تک کہ وہ کمرے کی کھڑکی سے کود کر ایئر پورٹ بھاگ نکلا۔
نوجوان کی یہ دوسری کوشش کامیاب رہی، اوفا ایئر پورٹ کے ٹرمینل کے بیچ اس نے اپنا بیگ اٹھایا اور چیخنے لگا کہ اس کے پاس بم ہے، کوئی اس کے قریب نہ آئے، اس پر ایئرپورٹ سکیورٹی نے نوٹس لیا کہ بستے میں کوئی وائر یا بم ڈیٹونیٹر نہیں ہے، وہ اس کی جانب لپکے اور اس کو پولیس کے آنے تک پکڑے رکھا۔
تحقیقات سے پتا چلا کہ نوجوان کے پاس سے کوئی دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا اور پوچھے جانے پر اس نے بتایا کہ اس نے ایسا قصداً کیا، نفسیاتی چیک اپ پر وہ بالکل ٹھیک معلوم ہوا، البتہ اس کے منصوبے کے مطابق عدالت نے اس کو 3 سال اور 2 ماہ کیلئے قید کی سزا سنا دی۔