خلاصہ
- یوننان: (ویب ڈیسک) چین کے صوبے یوننان میں دشوار گزار پہاڑی علاقے میں سکول جانے والے بچوں کی مشکلات کم کرنے کیلئے بنائی گئی ایک منفرد بیرونی لفٹ کی مقبولیت کے بعد اب اس کے ساتھ دوسری لفٹ بھی تعمیر کر دی گئی ہے۔
2022 میں نِژوہے گرینڈ کینین میں 268 میٹر بلند چنگیون لیڈر لفٹ تعمیر کی گئی تھی تاکہ نِژوہے گاؤں کے بچے خطرناک پہاڑی راستے پر تین گھنٹے چڑھنے کے بجائے چند منٹ میں پہاڑ پر پہنچ سکیں، بچے ہر تین ہفتے بعد گہری وادی سے گوانژائی ولیج پرائمری سکول جانے کیلئے یہ مشکل سفر کرتے تھے۔
تاہم، لفٹ سیاحوں میں بھی خاصی مقبول ہوگئی اور وہاں رش بڑھنے لگا، جس کے باعث بچوں کو بھی بعض اوقات طویل انتظار کرنا پڑتا تھا۔
اب پہلی لفٹ کے ساتھ 288 میٹر بلند فُویاؤ نامی دوسری پینورامک لفٹ بھی تعمیر کر دی گئی ہے، جس سے انتظار کا وقت تقریباً نصف رہ گیا ہے۔
نئی لفٹ پہلی لفٹ کے مقابلے میں تیز اور کشادہ ہے، اگرچہ بچوں کو اب بھی شٹل اور کیبل کار کے ذریعے کچھ فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے لیکن ان کا سکول تک مجموعی سفر تقریباً 30 منٹ میں مکمل ہو جاتا ہے جبکہ پہلے صرف ایک طرف کا پہاڑی سفر تین گھنٹے کا ہوتا تھا۔