کنزرویٹو پارٹی نے ڈیموکریٹک یونینسٹ کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت بنانے کا فیصلہ کر لیا، ملکہ الزبتھ نے تھریسامے کو حکومت سازی کی اجازت دے دی، لیبر پارٹی کے سربراہ جیریمی کوربین کہتے ہیں تھریسامے حکومت سازی سے دستبردار ہو جائیں، لیبر جماعت حکومت سازی کے لئے تیار ہے۔
لندن: (دنیا نیوز) برطانوی عام انتخابات میں اکثرت حاصل کرنے والی کنزرویٹو پارٹی نے شمالی آئرلینڈ کی جماعت ڈیموکریٹک یونینسٹ کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ملکہ الزبتھ سے حکومت سازی کے لئے اجازت لینے کے بعد پریس بریفنگ میں تھریسامے کا کہنا تھا کہ کہ ملکی استحکام کے لئے کنزرویٹو اور ڈی یو پی مل کر کام کریں گی اور بریگزٹ کے پرانے ٹائم ٹیبل پر بات چیت جاری رہے گی۔
ادھر لیبر پارٹی کے سربراہ جیریمی کوربین نے تھریسامے سے کہا ہے کہ وہ حکومت سازی سے دستبردار ہو جائیں، لیبر جماعت حکومت سازی کے لئے تیار ہے۔
650 نشستوں میں سے کنرویٹو پارٹی نے 318 نشستیں حاصل کر لی ہیں جبکہ لیبر پارٹی کے حصے میں 261 نشستیں آئی ہیں۔ کنزرویٹو کی اتحادی جماعت ڈی یو پی کو 10 نشستیں ملی ہیں۔
حالیہ عام انتخابات میں 30 پاکستانی نژاد امیدوار بھی میدان میں اترے جن میں سے 12 نے کامیابی حاصل کر لی۔