سیف الاسلام کو 2015ء میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ سیف الاسلام زنتان کی جیل میں قید تھے جہاں سے انھیں رہا کر دیا گیا ہے۔
طرابلس: (ویب ڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لیبیا کے سابق حکمران معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام کو جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ سیف الاسلام کی رہائی حکومت کی طرف سے انہیں دی جانے والی عام معافی کے نتیجے میں ہوئی۔ اطلاعات ہیں کہ سیف الاسلام رہائی کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ لیبیا کی ایک عدالت نے سیف الاسلام قذافی کو 2015ء میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ 2011ء ہی میں بین الاقوامی فوجداری عدالت نے سیف الاسلام پر انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔ 44 سالہ سیف الاسلام قذافی نے لندن سکول آف اکنامکس سے متنازع طور پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری لے رکھی ہے۔ جب معمر قذافی کو باغیوں نے گولی مار کر ہلاک کیا تو اس وقت سیف الاسلام بھی ان کے ہمراہ تھے اور انھیں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔