سمندری طوفان نے ویسٹ انڈیز کے بعد امریکا کا رخ کر لیا

Published On 07 Sep 2017 11:13 AM 

دو سو پچانوے کلومیٹرز کی رفتار سے چلنے والی ہوائوں نے عمارتیں تباہ کر دیں ، فلوریڈا سے سیاحوں نے واپسی کا سفر شروع کر دیا

بربودا (دنیا نیوز ) سمندری طوفان ارما ویسٹ انڈیز کے جزائر اور پورٹو ریکو میں تباہی پھیلانے کے بعد امریکا کی جانب بڑھ رہا ہے ۔ جزیرے بار بودا سے دو سو پچانوے کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوا نے عمارات تباہ کر دیں ، حکام نے ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے ۔ امریکا کی ریاست فلوریڈا سے سیاحوں نے واپسی شروع کر دی ۔ پانچویں درجے کا سمندری طوفان ارما ، ویسٹ انڈیز کے جزائر سے ٹکرا گیا ۔ دو سو پچانوے کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوا نے جزیرے بار بودا میں تباہی پھیلا دی ۔

اٹھارہ سو آبادی والے اس چھوٹے سے جزیرے پر کوئی عمارت سلامت نہیں ، گرنے والے درختوں نے بجلی کا نظام بھی معطل کر دیا ۔ ادھر سینٹ مارٹن میں بھی عمارتیں تباہ ہو گئیں ، جزیرہ انٹیگا میں طوفان کے باعث ہوئی بارشوں نے نظام زندگی میں رخنہ ڈال دیا ۔ مختلف حادثات میں تین افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ، ویسٹ انڈیز کے ہمسایہ ملک پورٹو ریکو میں طوفان ارما نے تباہی مچا دی ، ادھر ریاست فلوریڈا کے گورنر رک سکاٹ نے شہریوں کو حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مدد مانگ لی ۔

انہوں نے ساحلی علاقوں کو خالی کرنے کی اپیل کی ہے ۔ دوسری جانب شہریوں نے کھانے پینے کا سامان جمع کرنے کے لئے سٹورز کا رخ کر لیا جبکہ پٹرول لینے والوں نے پٹرول پمپوں پر قطاریں بنا لیں ۔ طوفان کے آنے سے پہلے میامی میں موجود سیاحوں نے اپنے وطن واپسی کی تیاری کر لی اور ہوائی اڈوں پر رش لگ گیا ۔