سمندری طوفان فلوریڈا میں چار زندگیوں کو نگل گیا

Published On 11 Sep 2017 12:24 PM 

ریاست کے 32 لاکھ گھر بجلی سے محروم ، 63 لاکھ افراد دوسرے علاقوں کو منتقل ، بش گارڈن سے فلیمنگوز کو دوسری جگہ پہنچا دیا گیا

فلوریڈا (دنیا نیوز ) امریکا کی مختلف ریاستوں میں طاقتور ترین سمندری طوفان ارما کی تباہ کاریاں جاری ہیں ، فلوریڈا میں چار افراد جان سے گئے ، 32 لاکھ بجلی سے محروم ہوگئے ۔ طوفان کارخ اب ٹیمپا ریجن کی جانب ہے جہاں ایک پارک سے فلیمنگوز کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے ۔

امریکا میں سمندری طوفان ارما نے تباہی مچا دی ۔ چوتھے درجے کا یہ طوفان فلوریڈا کے جنوبی جزائر سے ٹکرایا ۔ ریاست کے جنوب میں بتیس لاکھ سے زائد مکانات میں بجلی نہیں ہے ، فلوریڈا میں ارما کی وجہ سے 4 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔

یہاں طوفان کی پیش نظر 63 لاکھ لوگوں انخلا کا کہا گیا تھا ۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے ریاست کی مدد کا اعلان کیا ہے ۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ طوفان فلوریڈا کے مغربی ساحلوں کی جانب بڑھ رہا ہے جبکہ نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ صورت حال انتہائی خطرناک ہوگئی ہے ، فلوریڈا کے مغربی خلیجی ساحل کو سب سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔

طوفان کے راستے میں ٹیمپا اور سینٹ پیٹرز برگ جیسے شہر بھی آ رہے ہیں ۔ ٹیمپا بے ایڈونچر پارک میں بش گارڈن سے سمندری طوفان ارما کی وجہ سے فلیمنگوز کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ۔ بش گارڈن کی جانب سے ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ ارما کی وجہ سے پرندوں کو نکالا گیا ہے ، ان کی حفاظت بہت اہم ہے ۔