سمندری طوفان ، فلوریڈا میں نظام زندگی درہم برہم

Published On 12 Sep 2017 10:01 AM 

25 ارب ڈالرز سے زائد کا نقصان ، ہزاروں گھر طوفان سے متاثر ، تباہی مچانے والے طوفان ارما کا زور کم ہونے لگا

نیویارک (دنیا نیوز ) سمندری طوفان ارما نے فلوریڈا کے شہروں کو ڈبو دیا ، ہزاروں گھر متاثر ، نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ۔ طوفان کے باعث 70 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہوگئے ،

طوفان کے باعث 25 ارب ڈالرز کے نقصان کا خدشہ ہے ۔ تباہی پھیلانے والے طوفان کا زور اب کم ہونے لگا ہے ۔ امریکی ساحلوں پر تباہی پھیلانے والے طوفان ارما کا غصہ ٹھنڈا ہونے لگا ، کیٹگری 4 کی طاقت کا حامل طوفان اب سب سے کم خطرناک درجے پر آگیا ۔

طوفان کے باعث کئی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے ۔ سیلابی پانی سے کیرولینا ، میامی اور آرلینڈو پانی میں ڈوب گئے ہیں ۔ طوفان سے ہزاروں گھر متاثر اور درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ہیں ۔

طوفانی ہوائیں چلنے سے بجلی کا نظام بری طرح فیل ہوگیا اور 70 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ لاکھوں افراد پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں ۔

وائٹ ہائوس ہوم لینڈ سکیورٹی ایڈوائز نے کہا متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مکمل واپسی میں کئی ہفتے لگ جائیں گے.

طوفان ارما سے نقصان کا تخمینہ 25 ارب لگایا گیا ہے جو ہاروی کے مقابلے میں بہت کم ہے ۔