فلوریڈا کیز میں ایک چوتھائی گھر مکمل تباہ ہوگئے ، ریاست کی نصف آبادی کو بجلی کی فراہمی کے سلسلے میں پریشانی کا سامنا
فلوریڈا (دنیا نیوز ) سمندری طوفان ارما تو گزر گیا لیکن اپنے پیچھے تباہی چھوڑ گیا ۔ حکام کا کہنا ہے فلوریڈا کیز میں ایک چوتھائی گھر مکمل تباہ ہوگئے ۔ نیویارک کی ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ کی بتیاں طوفان ارما سے ہلاک ہونے والوں کے سوگ میں گل کر دی گئیں ۔ فلوریڈا میں ہری کین ارما نے تباہی پھیلا دی ہے ۔ طوفان کو گزرے تین دن ہو گئے لیکن ریاست کی نصف آبادی ابھی تک بجلی کے محروم ہے ۔ وسیع علاقے میں سڑکیں سیلابی پانی میں ڈوبی ہیں ۔
کیز فلوریڈا کا پہلا حصہ تھا جہاں اتوار کو ہری کین ارما ٹکرایا تھا ۔ حکام کے مطابق شہر کی ایک چوتھائی عمارتیں یا تو مکمل تباہ ہو چکی ہیں یا اتنا نقصان پہنچ چکا ہے کہ وہ رہنے کے قابل نہیں ۔ منرو کاؤنٹی کے گھروں کو واپس آنے والے رہائشی ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں ۔ فلوریڈا کے گورنر رک سکاٹ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد کہا ہے کہ ارما بہت خوفناک طوفان تھا ، اس سے ہونے والی تباہی اور نقصانات پر قابو پانے میں ابھی بہت وقت لگے گا ۔ ادھر نیویارک میں ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ کی بتیاں طوفان ارما سے ہلاک ہونے والوں کے سوگ میں گل کر دی گئیں ۔ دوسری جانب جنوبی مشرقی چین کو سمندری طوفان تالم کا سامنا ہے ۔
فوجیان اور ژی جیانگ سے ٹکرانے والا یہ سال کا طاقتور ترین طوفان ہوگا جو چین سے پہلے تائیوان میں تباہی مچائے گا ۔ بحر الکاہل میں بننے والا سمندری طوفان تالم جمعرات کو تائیوان سے ٹکرائے گا ۔ اس سلسلے میں حفاظتی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ، تالم اکیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تائیوان کی طرف بڑھ رہا ہے ، جمعرات کو رات گئے جنوب مشرقی چین سے ٹکرائے گا ۔ کیٹگری چار کے اس طوفان کی وجہ سے ہواؤں کی رفتار دو سو بیس کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے ، ہزاروں افراد کو نقل مکانی کی ہدایت کی گئی ہے ۔