معاہدے کے تحت مختلف ممالک میں لڑکیوں کو تعلیم دی جائیگی ان ملکوں میں پاکستان، افغانستان، ترکی اور نائیجیریا شامل ہیں ۔
لندن : ( روزنامہ دنیا ) دنیا کی سب سے کم عمرنوبل انعام یافتہ پاکستانی بچی ملالہ یوسف اور ایپل کمپنی کے سی ای او ٹم کوک کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پایا ہے ، جس کے تحت پاکستان، افغانستان، ترکی اور نائیجیریا میں ایک لاکھ کے قریب لڑکیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جائے گا ۔ ملالہ فنڈ اور ٹیک کمپنی ایپل کے درمیان مختلف ممالک میں لڑکیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کا معاہدہ طے پا یا ہے ۔کمپنی اس سلسلے میں وسائل اور فنڈز فراہم کرے گی تاکہ پسماندہ ممالک میں لڑکیوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔معاہدے کی تقریب کے موقع پر ایپل کمپنی کے سی ای او ٹم کک بھی موجود تھے ، جنہوں نے ملالہ فنڈ کے ساتھ نئے اشتراک پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ معاہدے میں کمپنی کے مالک اسٹیو جابز کے نظریے کو مدنظر رکھا گیا ہے ۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہماری کمپنی کی تعلیم کے فروغ میں نمایاں خدمات ہیں۔