کابل: (دنیا نیوز) افغان شہر جلال آباد میں غیر ملکی این جی او سیو دی چلڈرن کے دفتر پر حملے میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں دو حملہ آور بھی مارے گئے۔
افغانستان میں امن وامان کی صورتحال روز بروز بگڑنے لگی ہے اور دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ جلال آباد میں غیر سرکاری عالمی تنظیم سیو دی چلڈرن کے آفس پر کار سوار خود کش بمبار نے دھماکا کیا، اس سے پہلے فائرنگ بھی کی گئی۔
فورسز کے پہنچنے کے بعد علاقہ میدان جنگ میں تبدیل ہو گیا۔ اسی علاقے میں کئی اہم سرکاری دفاتر بھی ہیں اور اب سیکیورٹی کیلئے فوج تعینات کردی گئی ہے۔ افغان حکام کے مطابق جنگجوؤں کے حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ انتہا پسند گروہ داعش نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد چار تھی، جو پولیس کی وردی میں ملبوس تھے۔