کابل: (ویب ڈیسک) ایک نئی رپورٹ کے مطابق افغانستان کا 70 فیصد علاقہ طالبان جنگجوؤں کے زیرِ تسلط چلا گیا ہے۔
جرمن نشریاتی ادارے میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق 2014ء میں نیٹو کے فوجی مشن کے ختم ہونے کے بعد سے افغانستان میں طالبان مضبوط ہوئے ہیں۔ افغانستان کے چودہ اضلاع مکمل طور پر طالبان کے قبضے میں آ چکے ہیں جبکہ دیگر 263 اضلاع میں طالبان جنگجو کھلے عام گھوم پھر رہے ہیں۔
رپورٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ صرف 122 اضلاع افغان حکومت کے کنٹرول میں ہیں لیکن وہاں بھی ان جنگجوؤں کی کارروائیاں جاری ہیں اور مختلف حملے ہوتے رہتے ہیں۔
یاد رہے کہ ایک دن قبل ہی امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ اس بارے میں اعداد و شمار جاری نہ کیے جائیں کہ افغانستان کا کتنا حصہ طالبان باغیوں کے زیرِ تسلط ہے۔