کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان نے وزیرِ داخلہ نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ کابل حملوں کا مقصد ملک میں بغاوت شروع کرانا اور لوگوں کو حکومت کیخلاف اکسانا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں افغان وزیرِ داخلہ وارث برمک کا کہنا تھا کہ کابل میں ہوئے حالیہ حملوں کے پیچھے مقصد عوام کو حکومت کیخلاف اکسانا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان اور داعش عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں تا کہ حکومت کا خاتمہ ہو جائے اور افراتفری کا ماحول پیدا ہو۔ دونوں کا مقصد ایک ہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران افغانستان کے دارالحکومت کابل میں چار بڑے حملوں میں 130 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے اور ان حملوں میں سے دو کی ذمہ داری افغان طالبان اور دو کی ذمہ داری دولتِ اسلامیہ نے قبول کی تھی۔