ایسے ڈرون تیار کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں جو آبدوز سے چلائے جا سکیں گے :روسی صدر کا خطاب
ماسکو (دنیا نیوز ) روسی صدر ولادی میر پوتن نے دنیا میں کہیں بھی مار کرنے والے ناقابل تسخیر جوہری ہتھیار تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ صدر پوتن نے نئے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کا دعویٰ اپنے چوتھے صدارتی انتخابات سے قبل کیا۔ نئے صدارتی انتخاب سے قبل صدر پوتن کا آخری صدارتی خطاب تھا۔ ان کی تقریر کے دوران ان دو ہتھیاروں کی ویڈیو چلائی گئی جو ناقابل تسخیر ہیں۔
صدر پوتن نے کہا کہ روس ایسے ڈرون بھی تیار کر رہا ہے جنہیں آبدوز سے چھوڑا جا سکے گا، یہ ڈرون جوہری حملہ بھی کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا روس کے اس نئے ہتھیار کو یورپ اور ایشیا میں جال کی طرح بچھا ہوا امریکی دفاعی نظام بھی نہیں روک سکتا۔ ادھر امریکا نے روسی صدر کے اس دعویٰ کو جوہری معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔